نئی دہلی،20دسمبر(آئی این ایس انڈیا) سی پی آئی(ایم) نے کووڈ 19 کے پیش نظر اس بار پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس نہ بلانے پر حکومت کو نشانہ بنایا ہے اور کہا ہے کہ مرکز اپنی ہمہ جہت ناکامیوں پر احتساب سے بچنے کے لئے اس وبا کا استعمال کرکے عذر کررہاہے۔
پارٹی پولیٹ بیورو کے اجلاس کے بعد یہاں جاری ایک بیان میں سی پی آئی(ایم) نے ’سینٹرل وسٹا پروجیکٹ‘ کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس مقصد کے لئے مختص فنڈزہمارے ضرورت مند لوگوں کو مفت کھانا اور نقد رقم کی منتقلی کے لئے استعمال کیا جاناچاہئے۔
مارکسسٹ کمیونسٹ پارٹی (سی پی آئی-ایم) نے ایک بیان میں کہاکہ پولیٹ بیورو نے کووڈ وبا کے بہانے پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس منسوخ کرنے کے فیصلے کی شدید مذمت کی ہے۔ بی جے پی کو انتخابی مہم اور ریلیاں چلاتے ہوئے اس وبا سے کوئی پریشانی نہیں ہے لیکن انہوں نے پارلیمنٹ کے سامنے جوابدہ رہنے سے بچنے کے لئے اس وبا کا استعمال کیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اس طرح سے وہ پارلیمنٹ کے سامنے جوابدہ نہ ہوکر اپنی آئینی ذمہ داری سے بچنے کی کوشش کررہا ہے۔مرکز نے کہا ہے کہ کورونا وائرس وبا کی وجہ سے پارلیمنٹ کا موسم سرما کا اجلاس اس بار نہیں ہوگا۔